قائداعظم محمد علی جناح کی یادمیں خصوصی تقریب شعبہ اردو، اورینٹل کالج پنجاب یونیورسٹی کے زیرِاہتمام بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی یاد میں ۱۶/جنوری ۲۰۲۰ء جمعرات کو "ملت کا پاسباں ہے محمد علی جناح"کے زیرعنوان ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں طلبا و طالبات کی بڑی تعداد کے ساتھ صدرِ شعبہ اردوپروفیسر ڈاکٹر زاہد منیر عامر، پرنسپل اورینٹل کالج پروفیسر ڈاکٹر سید محمد قمر علی ، ڈاکٹر انیلا سلیم، ڈاکٹر آصف علی چٹھہ اور ڈاکٹر سہیل عباس شریک ہوئے۔ موضوع پر خصوصی گفتگو کے لیے ممتاز دانش ور، مورخ اور شاعر جناب جمیل یوسف کو دعوت دی گئی تھی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر آصف علی چٹھہ نے سرانجام دیے۔ تلاوت قرآن مجید کی سعادت سال اوّل کے طالب علم محمد بلال منظور نے حاصل کی۔ ہدیہ نعت ایم-اے سالِ دوم کے طالب علم عمر فاروق نے پیش کیا۔ افتتاحی کلمات صدرِ شعبہ اردو پروفیسر ڈاکٹر زاہد منیر عامر نے ادا کیے۔ انھوں نے قائداعظمؒ کی زندگی پر جامع گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو قومیں اپنے رہنماؤں کو یاد رکھتی ہیں وہ کبھی زوال کا شکار نہیں ہو سکتیں۔ ان کے بعد ممتاز دانش ور، مورخ اور شاعر جناب جمیل یوسف صاحب کو دعوت سخن دی۔ جناب جمیل یوسف نے حضرت قائداعظمؒ کی حیات اور خدمات پر پُرمغز گفتگو فرماتے ہوئے بتایا کہ اپنے تو اپنے اغیار بھی قائداعظمؒ کی عظمت کو تسلیم کرتے ہیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ قائداعظمؒ پر پروفیسر سٹینلے والپرٹ نے اپنی کتاب "Jinnah of Pakistan" میں قائداعظمؒ کے خصائل و عادات کو تفصیل سے بیان کیا ہے اوربجاطورپر لکھاہے کہ قائداعظم نے ایک قوم ہی نہیں ایک الگ وطن کی بھی تشکیل کی ۔ انھوں نے قیامِ پاکستان کے لیے قائداعظم کی ان تھک مساعی پر روشنی ڈالی اور نوجوانوں سے کہا کہ ہمیں مسلمان اور آزاد قوم ہونے کے ناتے قائداعظمؒ کی زندگی کو ضرور پڑھنا چاہیے۔ زینت محفل اورینٹل کالج کے روحِ رواں جناب پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سید قمر علی زیدی صاحب نے اظہار تشکر کے ساتھ ساتھ ملک و قوم کی سالمیت و استحکام اور قائداعظم محمد علی جناحؒ کی اخروی زندگی میں بلندی درجات کی دعا کی۔ تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی کی خدمت میں پھول پیش کیے گئے۔ Tweet Follow @pu_lhr_official |